پاکستان میں سیلاب کی تباہکاریاں، 33 ملین افراد بےگھر

اسپین کے شہر میڈرڈ میں 26 ویں سوشلسٹ انٹرنیشنل کانگریس کے اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا جس میں وفاقی وزیر و چیئر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے شرکت کی۔

کانفرنس کا عنوان ‘موسمیاتی تبدیلی کا تدارک، اسکے اثرات کو کم کرنا’ تھا، جہاں شازیہ مری نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہی کاریوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بدترین بارشوں اور سیلاب سے 650 ہزار حاملہ خواتین اور 40 لاکھ بچوں سمیت  33 ملین افراد متاثر ہوئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے باعث کرۂ ارض اور انسانوں کو سب سے بڑا خطرہ لاحق ہے، پاکستان میں حالیہ بارشیں اور سیلاب موسمیاتی تبدیلی کی تباہ کاریوں کی تازہ مثالیں ہیں۔

وفاقی وزیر شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پاکستان کے 90 اضلاع بارشوں اور سیلاب سے متاثر ہوئے، سندھ اور بلوچستان میں سب سے زیادہ تباہی ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 33 ملین افراد سیلاب سے بےگھر ہوئے، حالیہ سیلاب میں 1700 قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، سیلاب میں پاکستانی معیشت کو 40 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان  پہنچا۔

شازیہ مری نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی صرف ماحولیاتی مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ صحت، زراعت، معاش، امن، سلامتی اور دنیا کی مجموعی معیشت کے لیے بھی بہت بڑا خطرہ ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.

ٹول بار پر جائیں