پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکہ
ذرائع کے مطابق پشاور کے علاقے صدر پولیس لائنز میں مسجد کے قریب دھماکہ ہوا ہے جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دھماکے کی آواز اتنی شدید تھی کہ دور دور تک سنی گئی جس میں متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ دھماکے کے بعد علاقے میں فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئی ہیں۔ دھماکے کے بعد ریسکیو اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جارہا ہے جب کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں، سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو سیل کردیا ہے۔ دھماکہ نماز ظہر کے دوران پولیس لائنز کی مسجد میں ہوا ہے جس کے باعث مسجد میں موجود متعدد نمازی زخمی ہوئے ہیں۔ عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب مسجد میں نماز ادا کی جارہی تھی۔ پولیس لائنز میں ہونے والا دھماکہ خودکش تھا اور خودکش حملہ آور مسجد کی پہلی صف میں موجود تھا جس نے نماز کے دوران خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔