قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے قومی اسمبلی کی 33 نشتوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔ جاری شیڈول کے مطابق این اے کی تینتیس نشستوں پر ضمنی انتخابات سولہ مارچ کو ہوں گے۔ سوات، ہری پور، نوشہرہ، ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم اور بھکر میں انتخابات ہوں گے۔ لاہور، ملتان، کراچی اور ڈی جی خان میں بھی انتخابی میدان سجے گا۔ ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کیلئے کاغذات نامزدگی 6 سے 8 فروری تک جمع کرائے جا سکیں گے۔ کاغذات واپس لینے کی آخری تاریخ 22 فروری ہوگی۔ امیدواروں کو 23 فروری کو انتخابی نشانات الاٹ ہوں گے۔ یاد رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی کے 35 اراکین اسمبلی کے استعفے منظور کرلیئے تھے جس کے بعد الیکشن کمیشن نے تمام نشستوں کو ڈی نوٹیفائی کردیا تھا، پی ٹی آئی کی ان 35 نشستوں میں دو مخصوص نشستیں بھی شامل ہیں، اس طرح 33 نشستوں پر ضمنی الیکشن لڑا جائے گا۔