پی ایس ایل 8 کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا

چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے پی ایس ایل 8 کے شیدول کا اعلان کردیا جس کے مطابق پی ایس ایل 8 کا میلہ 13 فروری سے 19 مارچ تک سجے گا، افتتاحی میچ دفاعی چیمپیئن لاہورقلندرزاورملتان سلطانز کا ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں راولپنڈی میں 11 میچز ہوں گے، کراچی اور لاہور میں 9,9 میچز کی میزبانی کریں گے، ملتان میں بھی پانچ میچز ہوں گے۔ پی ایس ایل 8 میں بابر اعظم پہلی بار 2017 کی فاتح پشاور زلمی کی قیادت کریں گے۔ عماد وسیم 2020 کی فاتح کراچی کنگز کی کپتانی کریں گے۔ شاداب خان دو بار کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور شاہین شاہ آفریدی لاہور قلندرز کی کپتانی کریں گے۔ محمد رضوان ملتان سلطانز اور سرفراز احمد 2019 کی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان ہوں گے۔ ٹورنامنٹ میں 10 ملکوں سے تعلق رکھنے والے 36 سے زائد غیر ملکی کرکٹرز بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ راشد خان لاہور قلندرز، ایلکس ہیلز اسلام آباد یونائیٹڈ، ٹم ڈیوڈ ملتان سلطانز، جیسن رائے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، بھانوکا راجا پاکسے پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل بھارت کی آئی پی ایل کے بعد ٹی ٹوئنٹی کا سب سے بڑا برانڈ ہے جو خوب کامیابیاں سمیٹ رہا ہے، اس بار ایسی پی ایس ایل ہوگی جو پہلے کبھی نہیں ہوئی۔ نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کے دوران 3 ویمن میچز بھی کرائیں گے جبکہ ستمبر میں ویمن پی ایس ایل کی لانچنگ کا بھی پلان ہے۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.

ٹول بار پر جائیں