شاہد خاقان عباسی نے سلیمان شہباز کو ٹویٹ کی وضاحت کرنے کا مشورہ دے دیا
تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگر جوکر والی ٹویٹ سلیمان شہباز نے کی ہے تو مناسب بات نہیں، چاہےکسی بھی جماعت کا وزیرخزانہ ہو اسے جوکر کہنا مناسب نہیں ہے، سلیمان شہباز کو وضاحت کرنی چاہیے کہ جوکر والے ٹویٹ کا مطلب کیا تھا؟ انہوں نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے جو کچھ کیا وہ وزیراعظم اور کابینہ کے احکامات پرکیا، آئی ایم ایف پروگرام میں رہ کر بتانا ہے کہ ہم ذمہ دار ملک ہیں، ڈار صاحب حالات کنٹرول کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ مجھے ایسی کسی بات کا علم نہیں کہ میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں، میری کوئی ناراضی نہیں ہے، میں پارٹی میں ہی ہوں، یہاں سے گھر ہی جاسکتاہوں، ن لیگ سے نہ ناراض ہوں نہ پارٹی چھوڑ رہا ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سابق حکومت کی غلطیوں کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن آئین کے مطابق ہوں گے، نواز شریف کے پاکستان آنے سے الیکشن میں بہت فرق پڑے گا، نوازشریف کو جیل سے گھبراہٹ نہیں، انہیں جس طرح سزا دی گئی حقائق سب کے سامنے آچکے ہیں، عدلیہ حقائق کو سامنے رکھتے ہوئےکیسزکے فیصلےکرے۔