میو ہسپتال میں مریضوں کے آپریشن بند ہوگئے
تفصیلات کے مطابق میو ہسپتال میں گزشتہ 7 روز سے انستھیزیا نہ ہونے سے مریضوں کے آپریشن نہ ہونے کے برابر رہ گئے۔ ہسپتال انتظامیہ نے آپریشن والے مریضوں کے داخلے بھی بند کردیے ہیں۔ میوہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دیگر سرکاری ہسپتالوں سے دوائی ادھارمانگی جارہی ہے، ادویات کی خریداری کے لیے کام کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ ادویات کی قلت کے باعث رواں سال کے آغاز سے ہی پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ میں کڈنی ٹرانسپلانٹ بند ہوگیا۔پی کے ایل آئی انتظامیہ کے مطابق ٹرانسپلانٹ میں استعمال کیئے جانے والے انجکشن مارکیٹ میں ناپید ہیں۔ ادویات کی قلت کے باعث کئی زندگیاں خطرے میں پڑگئیں۔ ترجمان پی کے ایل آئی کے مطابق ادویات کی عدم دستیابی سے ٹرانسپلانٹ روکے گئے، انجکشن ملتے ہی کڈنی ٹرانسپلانٹ شروع کردیں گے۔