عمران خان نے افغانستان پر حملے کے خلاف خبردار کر دیا
ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت کی عدم توجہ کی وجہ سے ملک میں دہشتگردی بڑھی ہے۔ پاکستان نے افغانستان سے تعلقات خراب کیے اور امریکی مداخلت قبول کرلی تو ملک کبھی نہ ختم ہونے والی دہشتگردی کی لپیٹ میں چلا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے پاس امریکا کے چھوڑے گئے جدید ہتھیار ہیں، پولیس کے پاس موجود ہتھیاروں سے ان کا مقابلہ ممکن نہیں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایک دو نا سمجھ وزیر غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں کہ افغانستان جا کر حملےکریں گے، اگر افغان حکومت نے پاکستان سے تعاون بندکردیا تو دہشت گردی کے خلاف جنگ بڑھتی جائےگی، وزیرخارجہ کو سب سے پہلے افغانستان جانا چاہیے تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے طالبان خان کہا گیا،امریکا افغانستان چھوڑ کر گیا تو پاکستان کے پاس سنہری موقع تھا،ہم نے غنی حکومت سے دوستی کرنےکی پوری کوشش کی، ہم نے فیصلہ کیا کہ افغانستان میں کوئی مداخلت نہیں کریں گے،کوشش کی کہ طالبان اور غنی حکومت کے درمیان سیاسی حل نکل آئے، ہم نے افغانستان سےغیر ملکیوں کا انخلا کرایا۔