بینظیر بھٹو کو رخصت ہوئے 15 سال بیت گئے
اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کی چیئرپرسن بینظیر بھٹو کو دنیا سے رخصت ہوئے 15 سال بیت گئے مگر اس قتل کا معاملہ تاحال حل نہیں ہوسکا ملکی تاریخ کا یہ اہم کیس آج بھی لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں زیر التواء ہے۔ سابق وزیر اعظم بینظیر بھٹو لیاقت باغ میں تاریخی جلسہ کے بعد واپس جاتے ہوئے لیاقت باغ کے مرکزی گیٹ پر27 کارکنوں سمیت 27 دسمبر2007 کو خود کش حملے میں شہید ہوئیں۔ ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ میں 2023 جنوری کے آخر میں اس کیس کی سماعت متوقع ہے،دیکھنا یہ ہے ہائی کورٹ کیا فیصلہ کرے گی۔ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی 15ویں برسی گڑھی خدابخش بھٹو میں انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی،جلسہ عام سے وزیر خارجہ اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری،شریک چیئرمین سابق صدرآصف علی زرداری سمیت دیگر مرکزی و صوبائی قائدین خطاب کریں گے۔