تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کی پاکستان آمد
ذرائع کے مطابق تاجکستان کے صدر امام علی رحمان کی وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر 2 روزہ دورہ پر پاکستان پہنچے۔ پاکستان پہنچنے پر تاجک صدر کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ معزز مہمان کے اعزاز میں اکیس توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈز کے ایک دستے نے تاجک صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ وزارت خارجہ کے مطابق دورے کے دوران دونوں فریق مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔ایک بیان میں دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان دیرینہ تاریخی، ثقافتی اور مذہبی رشتوں کے ذریعے جڑے ہوئے برادر ملک ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف علاقائی اور بین الاقوامی مسائل پر دونوں ممالک کے خیالات یکساں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تاجک صدر کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے اور بڑھتی ہوئی جیو اکنامک پارٹنرشپ کو مزید تقویت دینے کی امید ہے۔