جون 2021 میں لاہور جوہر ٹاؤن دھماکے میں بھارتی ایجنسی ’را‘ ملوث نکلی
رانا ثنا اللہ اور اے آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب عمران محمود نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھاکہ 23 جون 2021 کو جوہر ٹاؤن لاہور میں دھماکا ہوا تھا، آج تک کسی دہشت گرد تنظیم نے اس کارروائی کی ذمہ داری قبول نہیں کی تھی لیکن ہم نے 16 گھنٹوں میں اس کیس کی تہہ تک پہنچ چکے تھے، اس دھماکے میں تین ملزمان ملوث تھے، تینوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا جبکہ دو ملزمان کو پانچ سے چھ دن بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 23 جون 2021 کو لاہور میں ہونے والی دہشت گردی میں “را” ملوث ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا تھاکہ پاکستان کئی دہائیوں سے دہشت گردی کی آگ میں جھلس رہا ہے، یہ ایسا بدبخت عمل ہےجس میں ہم ہر روز ایک نئی صورتحال سے دوچار ہوتے ہیں، کوئی طبقہ ایسا نہیں ہے جس نے قربانی پیش نہ کی ہو، یا شکار نہ ہوا ہو، مساجد، امام بارگاہوں ، اہم عمارتوں اور اجتماعات کو نشانہ بنایا گیا، دہشتگردی کی کوئی بھی صورت ہو، پیچھے کہیں نہ کہیں بھارت کا ہاتھ نظر آتا ہے۔ ان کا مزید کہناتھاکہ چھوٹے موٹے نیٹ ورک ملک کے مختلف حصوں میں بنتے رہتے ہیں، ہمارے ادارے اور ایجنسیاں اس کے پیچھے لگی ہوئی ہیں۔