آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں لاہور پہلے نمبر پر
تفصیلات کے مطابق لاہور کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 348 ریکارڈ کیا گیا ہے، اس کے علاوہ لاہورکے مختلف علاقوں میں ایئرکوالٹی انڈیکس 400 سے بڑھ گیا۔ گزشتہ کئی روز سے لاہور کو ائیر کوالٹی انڈیکس پر دنیا کا پہلا آلودہ ترین شہر قرار دیا جارہا تھا۔ فضائی آلودگی کی وجہ سے شہریوں کو سانس کے امراض کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے آلودگی پر قابو پانے کیلئے لاہور میں سرکاری، نجی اسکول اور نجی کمپنیاں 3 روز بند رکھنے کی ہدایت کی ہے، ملازمین گھروں سے کام کر سکیں گے۔ محکمۂ ماحولیات کے مطابق ایئر کوالٹی انڈیکس صفر سے 50 تک بہترین ہوتا ہے، 50 سے 100 معتدل، 100 سے 150 حساس افراد کے لیے غیر صحت مند، 150 سے 200 مضرِ صحت، 200 سے 300 انتہائی مضرِ صحت اور 300 سے 500 خطرناک ہوتا ہے۔